Image

نیٹکو کو تقریبا ایک ارب کی رقم فراہم کردی، مزید تعاون کریں گے، وزیراعلیٰ

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے نیٹکو میں 20 کروڑ کی لاگت سے 8نئی جدید سہولیات سے آراستہ بسوں کو فلیٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹکو ہمارا قومی ادارہ ہے۔ نیٹکو نے گلگت بلتستان میں سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہماری حکومت سے قبل نیٹکو خسارے کا شکار تھا۔ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ بناہوا تھا۔ سٹیل مل اور پی آئی اے کی طرح نیٹکو کو بھی مالی مشکلات کا شکار کیا گیا تھا۔ ہم نے نیٹکو کو درپیش مسائل حل کئے۔ نئی بسوں کی خریداری کےلئے 20 کروڑ روپے فراہم کئے۔ مختلف بینکوں سے لئے گئے قرضوں کی ادائیگی کےلئے 35 کروڑ روپے فراہم کئے۔ اداروے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کےلئے 17 کروڑ روپے کی بریج فنانسنگ کی۔ 150 ملازمین کو دیگر اداروں میں ڈیپوٹیشن پر بجھوایا گیا۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہاکہ سابقہ حکومتوں نے نیٹکو کو اپنے کارکنوں کو نوازنے اور نوکریوں کا ذریعہ بنایا ہوا تھا۔ ہم نے نیٹکو میں ملازمتوں پر مکمل پابندی لگائی۔ اب نیٹکو ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کمپنیز سے بہتر کارکردگی دکھائیں اور ادارے کو منافع بخش بنائیں۔ ایمانداری اور لگن سے کام کریں تو نیٹکو پاکستان کہ بہترین ٹرانسپورٹ کمپنیوںمیں شامل ہوسکتا ہے۔ حکومت نیٹکو کو منافع بخش ٹرانسپورٹ کمپنی بنانے کےلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ادارے کو مالی طورپر مستحکم کرنے کےلئے تقریباً ایک ارب کی رقم فراہم کی گئی ہے۔