101

اختیارات نچلی سطح پرمنتقل کریں گے، وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں۔ گلگت  بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بہترین نظام متعارف کرائیں گے۔ بلدیاتی سکیموں کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کرنے کی روایت ختم کی جائے گی ۔ ترقیاتی فنڈز کو صرف ترقیاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ دیہی ترقی کو حقیقی معنوں میں یقینی بنائیں گے۔ دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی میں محکمہ بلدیات کا کلیدی کردار ہے۔ دیہاتوں کی بنیاد پر ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے پر توجہ دی جائے۔ تعمیر و ترقی میں مقامی کمیونٹی کی شراکت کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے محکمہ بلدیات کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دی جائے گی۔ صوبے میں 'E'گورننس کے نظام کو متعارف کرایا جارہاہے۔ آئی ٹی بورڈ کے قیام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تمام شعبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیکریٹری بلدیات کی جانب سے وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید کو محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالدخورشید نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گلگت کی ترقی میں گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سکردو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنایاجائے گا۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) طرز پر گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سکردو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تنظیم نو (Restructuring) کی جائے گی۔ وفاق سے نئی ملنے والی اسامیوں میں گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے درکار اسامیوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کو عملی جامعہ پہنائیں گے۔ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جائیں گے۔ گلگت کو مثالی سیاحتی علاقہ بنایا جائے گا۔ منصوبہ بندی کے تحت نئے تعمیرات کی اجازت ہوگی۔ گلگت اور نلتر کے ماسٹر پلان کو جلد حتمی شکل دیا جائے۔ ویسٹ مینجمنٹ لینڈ فل سائٹ کی تعمیر کے کام کو تیز کیاجائے گا تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے۔ گلگت  بلتستان کو پلاسٹک فری بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ڈسٹریبوشن لائنوں کی تنصیب کے کام کو جلد شروع کیا جائے۔ گلگت سکارکوئی تا قراقرم یونیورسٹی پانی کی فراہمی کے منصوبے میں تیزی لائی جائے جولائی سے قبل اس منصوبے کو مکمل کیا جائے ۔مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نئے پارکس کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت شہر میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے برمس واٹر سپلائی کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ سلطان آباد میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے درکار زمین کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ مستقبل میں ماسٹرپلان کے تحت تعمیرات کی اجازت ہوگی۔ وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید کو ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔