77

اسلام آباد گلگت روٹ :پی آئی اے نے فی ٹکٹ پر 1311 روپے اضافہ کردیا

گلگت( سٹاف رپورٹر) پی آئی اے نے اسلام آباد گلگت روٹ پر کرایوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا۔ یکم مارچ سے فی ٹکٹ پر 1311 روپے اضافی ادا کرنا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے اسلام آباد سے گلگت اور گلگت تا اسلام آباد کے لئے کرایوں میں اضافہ کیا ہے یکم مارچ سے فی ٹکٹ 14670 روپے سے بڑھا کر 15981 روپے کر دیا گیا ہے جس کی وجہ گلگت کے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں پی آئی اے نے گلگت کے روٹ پر کرایوں میں کمی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایک ماہ تک سستا ٹکٹ ملا جس کے بعد ٹکٹ نہ صرف مہنگے ہوگئے بلکہ یکم مارچ سے 1300 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے گلگت تک صرف 50 منٹ لگتے ہیں اور کرایہ 15981 روپے ہے جبکہ اسلام آباد سے کراچی کا دورانیہ 2 گھنٹے ہے اور کرایہ 12500 روپے ہے۔ عوام نے گورنر سے اپیل کی ہے کہ پی آئی اے کی انتظامیہ سے فوری رابطہ کرکے اسلام آباد سے گلگت روٹ پر کرایوں کو کم کرانے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی مایوسی اور بے چینی میں کمی آ سکے۔