65

سیاحت کے فروغ کیلئے میگا پراجیکٹ تیار، گلگت بلتستان میں نیا پاکستان نظر آئے گا، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائینگے۔گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی  اور نیا پاکستان عوام کو نظر آئیگا جس کے لئے سیاحت، جدید انفرا سٹرکچر، توانائی، معدنیات، تعلیم اور صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے خصوصی منصوبے شروع کیے جائینگے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی اس موقع پر پورے گلگت بلتستان کو عالمی میعار کا سیاحتی مقام بنانے کیلئے میگا پراجیکٹ پر تفصیلی گفتگو ہوئی اس منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کے تمام شہری و دیہی علاقوں کی ماسٹر پلان کے تحت تنظیم نو کی جائیگی۔ گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ گلیوں کا نظام، نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر سیاحوں کی سہولت کیلئے بنیادی ضرویات کی فراہمی اس منصوبے کا حصہ ہوگی۔ منصوبے میں مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات جس میں میعار ی تعلیم اور صحت شامل ہیں کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائیگا۔ گلگت بلتستان کی مقامی آبادی کیلئے روزگارکے وسیع مواقع فراہم کیے جائینگے،یہ منصوبہ گلگت بلتستان کی سیاحت کو اربوں ڈالر کی صنعت میںتبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سیاحت کے حوالے سے اس جامع منصوبے کو سراہتے ہوئے منصو بے پر عملدرآمد کے لئے فروری میں جامع حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیپالی کوہ پیمائوں کے موسم سرما میں K2 کو سر کرنے سے دنیا بھر میں پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان مرکز نگاہ بن گیا ہے۔ حکومت موسم سرما میں بھی سیاحت کے فروغ کیلئے سرمائی کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنے اور  معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے سفر کو بہتر کرنے کیلئے جامع پیکیج کی ضرورت ہے۔ اداروں کی استعدکار کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں ،گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے صوبے میںEگورننس کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دینے پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔