29

ملک بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 44 ہزار سے زائد ہوگئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 44 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ ایک دن میں اس جان لیوا وائرس نے 50 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 42 ہزار 596 کرونا ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 047 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 32 ہزار 327 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کرونا سے مزید 50 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 653 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 791 افراد نے کرونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 092 ہوگئی ہے۔کرونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 284 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں3 ہزار 109، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار450، اسلام آباد میں 353، بلوچستان میں 173 اور آزاد کشمیر میں 186 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اسلام آباد میں کرونا کیسزکی تعداد 34 ہزار 14، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 172، سندھ میں ایک لاکھ 91 ہزار 246، پنجاب ایک لاکھ 25 ہزار 897، بلوچستان17 ہزار650، آزاد کشمیر7 ہزار578 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 770 افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.9 فیصد ہو گئی۔ کراچی کرونا مثبت کیسز کی شرح 17.39 فیصد ہے۔این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، بلوچستان میں 11.62، گلگت بلتستان میں 2.68، اسلام آباد 6.16، خیبر پختونخوا 11.29 اور سندھ میں 11.47 فیصد تک ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.42 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.47، راولپنڈی میں 11.26 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 16.2، کوئٹہ میں 6.19 اور میرپور میں کیسز کی شرح 22 فیصد تک آگئی۔