41

ملک کی داخلی سلامتی کویقینی بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں، وزیرداخلہ

تفتان(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ ملک کی داخلی سلامتی کویقینی بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال کررہے ہیں۔پاک ایران928کلومیٹر سرحدپرباڑلگانے کاکام رواں برس دسمبرتک مکمل ہوجائے گا۔یہ باتیں انہوں نے تفتان بارڈرکے دورے کے موقع پرکہیں۔انہوںنے حکام کوہدایت کی کہ پاک ایران سرحدپرزائرین کے لئے سہولیات بہتربنائی جائیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد تربت سے بذریعہ ہیلی کاپٹر تفتان بارڈر پہنچے جہاں پر انہوں نے پاکستان ایران کے درمیان تجارتی سامان کی ترسیل سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا ۔وزیر داخلہ شیخ رشید کو انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی پاکستان اور ایران کے درمیان آمدورفت سے متعلق بریفنگ دی گئی وزیر داخلہ شیخ رشیدنے پاکستان، ایران بارڈر فینسگ کا جائزہ اور زائرین کیمپ کا معائنہ کرتے ہوئے زائرین کے لئے حالیہ سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقے میںباڑ لگانے کا کام 40 فیصد مکمل ہوچکا ہے جبکہ 928 کلومیٹر بارڈر پر باڑ کا کام اسی سال دسمبر تک مکمل ہوجائیگا شیخ رشید کو بتایا گیا کہ پاک ایران اور افغانستان بارڈر مینجمنٹ کو جدید ترین بنانے کے ساتھ ملکی تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت کو مزید آسان بنایاجائے گا۔وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ پاکستان کی داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں۔شیخ رشید احمد نے پاک ایران سرحد پرباڑکی تنصیب کافضائی معائنہ بھی کیا۔