71

پی آئی اے،لاہور سے پہلی پروازآج سکردوپہنچے گی

سکردو(اسحاق جلال) لاہور سے 148 مسافروں کو لیکر پی آئی اے کی پہلی پرواز آج دن بارہ بج کر 15 منٹ پر سکردو پہنچے گی فلائٹ علامہ اقبال ائرپورٹ لاہور سے 148 مسافروں کو لیکر دن گیارہ بجے سکردو کیلئے روانہ ہوگی سوا گھنٹے کی مسافت طے کرکے سکردو ائرپورٹ پر پرواز سوا بارہ بجے لینڈ کرے گی لاہور سے سکردو آنے والی پہلی پرواز میں ملک بھر سے مسافروں نے سیٹ بک کرائی ہیں سکردو ائرپورٹ پر لاہور سے پہنچنے والے مسافروں کا پرتباک استقبال کیاجائیگا وزیرسیاحت راجہ ناصر علی خان مقپون اور پی آئی اے کے حکام لاہور سے پہلی پرواز میں سکردو پہنچنے والے مسافروں کو پھولوں کے گلدستے پیش کریں گے پی آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور سے آنے والے مسافروں میں زیادہ تر سیاح شامل ہیں جو سکردو کے پرفضا مقامات اور دلکش وادیوں کی سیر کرنے کی غرض سے بائی ائیر سکردو آرہے ہیں پی آئی اے انتظامیہ نے سیاحت کے فروغ کی غرض سے لاہور اور سکردو کے مابین ہفتے میں ایک پرواز چلانے کا فیصلہ کیاہے لاہور سے سکردو آنے کیلئے مسافروں نے کئی دن پہلے ہی نشستیں بک کروائیں سکردو سے لاہور جانے والے مسافروں کی شرح بھی حوصلہ افزا ہے ادھر سکردو کے شہریوں نے لاہور سے سکردو کے مابین پروازیں شروع کرنے پر پی آئی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیاہے اور کہاہیکہ لاہوراور سکردو کے درمیان پرواز شروع ہونے سے جہاں عام مسافروں کی مشکلات دور ہونگی وہیں ملک بھرسے سکردو آنے والے سیاحوں کو بھی سہولیات میسر آئیں گی پی آئی اے کی پرواز کا سب سے بڑافائدہ بزنس کمیونٹی کو پہنچے گا سکردو سے کاروبار کی غرض سے لاہور اور لاہور سے سکردو آنے والے کاروباری حضرات کو بہت بڑا ریلف ملے گا پی آئی اے کے فیصلے سے تجارت بڑھے گی سیاحت کو وسیع پیمانے پر فروغ ملے گا