54

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ، پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 297رنز بنا کرآئوٹ،جیمیسن کی5 وکٹیں

 نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 297رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے اظہر علی 93،محمد رضوان 61، فہیم اشرف 48اور ظفر گوہر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بلے شان مسعود،حارث سہیل اور عابد علی ایک بار پھر ناکام رہے ۔کیوی ٹیم کی جانب سے کائل جیمیسن نے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا انکے علاوہ ٹم ساتھی، ٹرینٹ بولٹ نے 2، 2وکٹیں جبکہ میٹ ہینری نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔اتوار کوکرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم کی پہلی وکٹ 4رنز پر گرگئی۔اوپنر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے ٹم ساتھی کا شکار ہوگئے، جس کے بعد اگلے آنے والے کھلاڑی اظہر علی تھے۔اظہر علی اور اوپنر عابد علی نے دوسری وکٹ میں 62رنز کی شراکت قائم کی اور 66کے مجموعی اسکور پر عابد علی 25رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔تاہم 2 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم پریشر میں آگئی اور اس کی اگلی وکٹ صرف 4رنز کے اضافے سے 70کے مجموعی اسکور پر گری اور حارث سہیل صرف ایک کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔70رنز پر 3وکٹیں گنوانے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے لیے فواد عالم آئے تاہم وہ اور اظہر علی مل کر اسکور میں صرف 13رنز کا اضافہ کرسکے اور 83کے مجموعی اسکور پر فواد عالم بھی آئوٹ ہوگئے۔تاہم 100رنز کے اندر ہی ابتدائی 4بلے بازوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اظہر علی اور محمد رضوان نے ٹیم کے اسکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھایا۔دونوں کھلاڑیوں نے 84رنز کی شراکت داری بھی قائم کی، جس کے بعد 171کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 61رنز بنا کر جیمی سن کی گیند پر واٹلنگ کو کیچ دے بیٹھے۔ان کے بعد اگلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جنہوں نے 172گیندوں پر 93رنز کی اننگز کھیلی، قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 260رنز پر گری جب فہیم اشرف 48رنز بنا کر جیمیسن کی گیند کا شکار بنے۔260رنز پر 7کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد آنے والے ٹیل اینڈرز مجموعی اسکور میں مزید 37رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری قومی ٹیم پہلی اننگز میں 297رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 93رنز اظہر علی نے بنائے جبکہ ان کے بعد محمد رضوان 61، فہیم اشرف 48اور ظفر گوہر 34رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کیوی ٹیم کی جانب سے کائل جیمیسن نے عمدہ بالنگ کی اور 69رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ان کے علاوہ ٹم ساتھی، ٹرینٹ بولٹ نے 2، 2وکٹیں جبکہ میٹ ہینری نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔