64

کرونا کیسز میں کمی،برطانیہ میںآج سے سکول کھولنے کا اعلان

لندن (آئی این پی)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک کئی ماہ کی پابندیوں کے بعد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہا ہے۔ حکومت نے انگلینڈ میں(آج) پیر سے تمام اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم وزیراعظم جانسن نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حتی الامکان احتیاط سے کام لیں اور حکومت کی حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ اگلے مرحلے میں 29مارچ سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ چھ کی تعداد میں گھر سے باہر گھومنے کی اجازت دی جائے گی۔دوسری جانب برطانوی وزیر صحت نے ویکسین کے بہتر انداز میں کام کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز سے اسکولز اور کیئر ہومز میں اپنے عزیزوں سے ملنے کی اجازت ہوگی۔ ویکسین وائرس پر اثر انداز ہورہی ہے۔میٹ ہینکاک کا کہنا ہے کہ ویکسین کے استعمال سے اسپتالوں میں داخلے کی شرح کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے اعداد و شمار دیکھتے ہوئے عائد پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کیا جائے گا اور فی الحال اسپتالوں میں کرونا مریضوں کی تعداد 12،136ہے جو ماضی کے مقابلے میں کم ہے۔