اپنے ریکارڈ نہیں دیکھتا،میرا ہدف ورلڈ کپ جیتنا ہے، بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انفرادی اہداف بعد میں آتے ہیں، میرا ایک ہی ہدف ہے اور وہ یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنا ہے، میرا فوکس اس پر ہے کہ ٹیم کو مجھ سے کیا چاہیے، اپنے ریکارڈ نہیں دیکھتا۔ڈیلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم اچھی تیاریوں کے ساتھ امریکا آئے ہیں، ہمارے ذہن میں ہے کہ ہمیں کس طرح کی کرکٹ کھیلنا ہے، کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں اور کامیابی حاصل کریں۔بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ایسے حالات میں کھیلا ہے، بیٹرز انڈورز میں ٹریننگ کررہے ہیں، بولرز نے فیلڈ میں ٹریننگ کی ہے، جو دستیاب سہولیات تھیں اس کو استعمال کرتے ہوئے پریکٹس کی ہے۔ وارم اپ میچ نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں پہلی بار کرکٹ ہو رہی ہے اس لیے یہ نہ سوچیں کہ یہ نہیں یا وہ نہیں مل رہا، ہوٹل سے فاصلہ یا سہولیات پر ہم نہیں سوچ رہے، یہ بورڈ کا کام ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک ہونے والے میچز کا تجزیہ کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہاں پر ہائی اسکورنگ میچز نظر نہیں آ رہے، ہمارے کچھ کھلاڑی یہاں پہلے کھیل چکے ہیں اسلیے ان کو کنڈیشنز کا اندازہ ہے، شاداب، عماد اور حارث پہلے یہاں کھیل کر گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ٹیم کیلئے بہتر ہوتا ہے ہم وہ پلان کرتے ہیں، کسی کا بیٹنگ نمبر فکسڈ نہیں ہے، صورتحال کے مطابق نمبر اوپر نیچے ہوسکتا ہے، بدقسمتی سے صائم ایوب ویسا پرفارم نہیں کر پایا جیسا امید تھی، صائم ایوب گیم چینجرہے لیکن اس کو وہ باری نہیں ملی جس کی ضرورت تھی۔بابر اعظم نے کہا کہ مجھے بطور کپتان ہر کھلاڑی پر بھروسہ ہے اور شاداب پر سب سے زیادہ بھروسہ ہے کیونکہ شاداب نے مختلف کنڈیشنز میں پرفارمنس دی ہے، شاداب خان کھیل کے تینوں شعبوں میں کار آمد ہوتا ہے، امید ہے کہ یہاں کی کنڈیشنز شاداب کو سوٹ کریں گی،انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کے ساتھ اپ اینڈ ڈاﺅن چلتا رہتا ہے، ہم اس کو سپورٹ کریں گے، پلیئرز کو جتنا سپورٹ کرتے ہیں اس کا فائدہ ٹیم کو ہی ہوگا، ٹیم گیم ہے کسی پلیئرز کا اگر برا دن ہے تو اسکو کوور کرتے ہیں۔پاکستان اور امریکا کے درمیان آنے والے میچ سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکا کی ہوم کنڈیشنز ہے، اس کو یہاں کے گراﺅنڈز کا معلوم ہے، لیکن مجھے اپنی ٹیم پر بھروسہ ہے کہ وہ اچھی کرکٹ کھیلے گی، یہاں فاسٹ بولرز اچھا پرفارم کررہے ہیں اسلیے مجھے اپنی فاسٹ بولنگ پر بھروسہ ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا ورلڈ کپ پرسوں سے شروع ہے، اب تمام سینیئر پلیئرز کو آگے بڑھ کر ذمہ داری لینا ہوگی، ہم کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں پہلے ہوئیں وہ نہ دہرائیں