گلگت، ٹرانسفارمرز بار بار ٹرپ ہونا معمول بن گیا، لوڈشیڈنگ میں اضافہ

 گلگت(نامہ نگار خصوصی)گلگت شہر کے 656 ٹرانسفارمرز میں سے 60 سے زائد اوور لوڈنگ کی وجہ سے بار بار ٹرپ یا جل جاتے ہیں ٹرانسفارمر کے اوور لوڈ ہونے سے بجلی شیڈول کے دوران بھی لوڈ شیڈنگ کرنی پڑتی ہے۔ واضح رہے گلگت شہر کے 62 ہزار صارفین کی پیک آور میں ڈیمانڈ 90 میگاواٹ ہے جبکہ پیداوار صرف 30 میگاواٹ تک ہورہی ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں اندھیرے کا راج ہے۔ شہری اور کاروباری حضرات ہر وقت حکومت اور محکمہ برقیات کو کوستے رہتے ہیں۔ لوڈشیڈنگ سے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ کارخانوں کا پہیہ رکنے سے بڑی تعداد میں کاریگر اور مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔ کاروباری حضرات اور کارخانے والوں کا کہنا ہے کہ جنریٹر کے ذریعے کاروبار یا کارخانہ چلانے سے لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوتا ہے۔ اور لاگت بڑھنے سے ملازمین کو بروقت ادائیگی ممکن نہیں اس لئے بہت سارے ملازمین کو کام سے فارغ کردیا گیا ہے۔