گلگت بلتستان کے حالات سنگین، قوم کو متحد ہونا ہوگا، قاضی نثار

گلگت عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے نمائندہ وفد چیئرمین پروفیسر سید یعصب الدین شاہ کاظمی کی قیادت میں امیر تنظیم اہلسنت والجماعت گلگت بلتستان و کوہستان قاضی نثار احمد سے ملاقات کی۔ملاقات میں عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جس کی مکمل حمایت کرتے ہوئے قاضی نثار نے کہا حالات بہت سنگین ہیں قوم کو متحد ہوکر اپنے مسائل کو حل کرنا ہوگا امن کو بحال رکھنے کے لیے جتنا ممکن ہو سکتا تھا کیا ہے اور میں نے چوک میں نکل کر مل کر اتحاد و اتفاق سے قومی مسائل کے لیے جدو جہد کی دعوت دی ہے۔ کیونکہ آنے والے وقتوں میں اگر ہوش سے کام نہیں لیا تو مزہب ثقافت کو خطرات ہیں ایسا وقت آنے والا ہے کہ کوئی مسلک تو چھوڑیں مسلمان ہونے کا اظہار بھی نہیں کرسکے گا اس سے پہلے متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔میں روز اول سے تمام مسالک کے صاحب بصیرت لوگوں سے کہتا ہوں کہ آگے بڑھ کر اتحاد و اتفاق اور قومی مسائل کے لیے کام کریں۔عوامی ایکشن کمیٹی کا چارٹر آف ڈیمانڈ گلگت بلتستان کے عوام کی دل کی آواز ہے اس وقت کی حکومت سے کوئی خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے عجیب اناڑیوں کو جمع کرکے حکومت دی گئی ہے جو مسائل حل نہیں مسائل پیدا کرتی ہے۔ گندم کے نام سے غریبوں کو مٹی و چوکر کھلایا جاتا ہے لیکن عوام کی بے حسی بھی عروج پر ہے ظلم کی تمام حدیں پار ہوچکی ہے گلگت بلتستان کے وسائل کا کوئی حساب کتاب نہیں ہر ایک گندم پر دی جانے والی سبسڈی کا طعنہ ہمیں ضرور دیتا ہے جبکہ یہ سبسڈی ہمارے وسائل پر حاصل ہونے والی آمدن کی عشر عشیر بھی نہیں۔انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل حمایت و تعاون کی یقین دھانی کرائی۔عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نے امیر تنظیم اہلسنت والجماعت کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی تحریک کی کامیابی تینوں بڑے مسالک کی حمایت اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں آپ کی حمایت نے ہماری ہمت میں اضافہ کیا اور آپ کی سرپرستی رہی تو قوم کو مسائلستان کے بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت مسائل کا سامنا ہے لیکن اس وقت کی حکومت کی نیت ملک اور اداروں کے خلاف ہے وہ اس دوران حالات کا فائدہ اٹھاکر ملکی خزانے کو لوٹ مارکے ذریعے نقصان پہنچائے گی۔ خطے میں اس وقت آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے چاہتے ہیں ان مسائل سے نکلنے تک اس حکومت سے ملک اور یہاں کے مجبور عوام پر ان کی شر سے بچانے کی کوشش ضروری اور واجب ہوچکی ہے۔عوامی ایکشن کمیٹی اے پی سی کے بعد پہلی اور آخری تحریک چلانے کے لیے زور شور کے ساتھ تیاری کررہی ہے اور اس تحریک کے ثمرات ملک اور قوم دونوں کو مل جائیں گے۔نمائندہ وفد میں وائس چیئرمین اکرام الدین حیدر سپریم کونسل کے ممبران ابراہیم مسعود الرحمن ایڈوائزری کونسل کے ممبران الواعظ منظور کریم نمبردار امتیاز راجہ امداد حسین دیامر سے حضرت حسین عبدالوہاب کوآرڈینیٹر ہنزہ نگر ابوذر شامل تھے ۔