ساتویں طاقتور ترین فوج

سید ذیشان حیدر

قربانی اور وفاداری کا لفظ جب بھی آئے تو سب سے پہلے افواج کا نام آتا ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک کی ہوںجو اپنے ملک کی خاطر اپنی جان، مال اور خاندان کی پرواہ کیے بغیر سرحدوں پر دن رات ملک اور قوم کی حفاظت کے لیے ہوتی ہے ۔ایسی فوجیں ہیں جو اپنی قوم کی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہیں، ایسی فوجیں ہیں جو معاشرے میں اپنے مقام کی حفاظت سے متعلق ہیں اور ایسی فوجیں ہیں جو کسی مقصد یا خیال کا دفاع کرتی ہیں۔ افواج پاکستان یہ تینوں کام کرتی ہیں۔ جس دن سے پاکستان بنا تھا اس دن سے فوج نے اندرونی نظم و نسق قائم کرنے اورپاکستان کی قابل رسائی اور اکثر غیر متعین سرحدوں کی حفاظت میں مددکی ہے۔ افواج پاکستان نے پاکستان کے اندراپنی طاقت اور خصوصی پوزیشن کا استعمال اس بات کویقینی بنانے کے لیے کیا کہ اسے مناسب ہتھیار و وسائل اور افرادی قوت ملے۔ دنیا کے تمام ممالک اپنی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے فوج تشکیل دیتے ہیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ فوجی دستہ زیادہ سے زیادہ ہو تاکہ ان کے پڑوسی اور دشمن ممالک ان کی فوجی طاقت سے ڈرتے رہیں اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش نہ کرےں۔ یہی وجہ ہے کہ ان ممالک کی جانب سے فوجی بجٹ کو بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے اوراپنی فوج کو طاقت ور ترین بنانے کے لئے ہر ممکن کام کیا جاتا ہے۔ ترقی پذیر ملک پاکستان نے وسائل کی کمی کے باوجود ایسے کارنامے کئے ہیں کہ دنیا حیرت میں مبتلا ہے۔ اسی لئے جب بھی کسی ملک کی افواج کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے تو افواج پاکستان کا نام صف اول میں شمار ہوتا ہے۔ فوجی طاقت کی نئی درجہ بندی میں پاکستانی افواج کو ابھرتی ہوئی عالمی فوجی طاقت قرار دیا گیا ہے۔ پاک فوج اب دنیا کی ساتوےں طاقتور ترین فوج بن چکی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کے لئے سب سے زیادہ فوجی فراہم کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے جو اس حقیقت کی عکاس کرتا ہے۔ پاک فوج صرف جدید ترین جنگی جہازوں، میزائل، آبدوز اور ہتھیاروں سے ہی لیس نہیں بلکہ دنیا پاک فوج کی مہارت، شجاعت، دلیری کی بھی معترف ہے۔ ملک کے اندر قدرتی آفات،مصےبتوں، نازک حالات یا دہشت گردی کا سامنا ہو یاملک کی سرحدوں پر دشمن کی جارجیت کا منہ توڑ جواب دینا ہو، پاک فوج اپنے فرائض میں سرخرو رہی ہے لیکن افواج پاکستان کو دنیا میں ترقی کرتے ہوئے اسلام اور پاکستان مخالف طاقتوں سے برداشت نہیں ہو رہا ہے۔ اب وہی طاقتیں مختلف طریقوں اور حربوں سے اس اسلامی مملکت خداداد پاکستان اور اس کے افواج کو کمزور کرنے کے لئے ہر طرح سے ملک کے اندر اور باہر سے کئی شکلوں اور صورتوں میں کام کر رہے ہیں۔ کبھی یہ طاقتیں کسی تنظیم کی شکل میں یا کسی اور شکل میں پاکستان کے عوام کو افواج پاکستان کے خلاف کرنے کی کوشش کرتی ہےں لیکن افسوس کے ساتھ کچھ لوگ خود کو آگے کرنے اور کچھ پیسوں کے لیے اپنا ضمیر بیچ کر ملک دشمنوں سے مل جاتے ہیں۔ اور افواج پاکستان کو ہر طرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن دشمن کے ہر عزائم کوافوج پاکستان کے جوانوں اور افسران نے خاک میں ملا دیا ہے ہمیشہ سے۔ اور ان شااللہ دشمنوں کے ارادے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ اللہ ان کی حفاظت کرے جو اپنا گھر بار چھوڑ کر وطن کی حفاظت کر رہے ہیں۔

سو جاﺅ عزیزو کہ فصیلوں پہ ہر اک سمت

ہم لوگ ابھی زندہ و بیدار کھڑے ہیں۔