گلگت بلتستان کے اے ڈی پی میں اضافہ کیا جائے، خالد خورشید

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن خالد خورشید نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن خالد خورشید نے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پلان کو عملی جامعہ پہنانے میں خصوصی کردار ادا کرنے پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پلان گلگت بلتستان کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔خالد خورشید نے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے سالانہ ڈویلپمنٹ پلان(ADP) میں اضافہ کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان حکومت ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامعہ پہناسکے۔ اسد عمر نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن خالد خورشید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحتی اعتبار سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دیا جائے اور ان سیاحتی مقامات میں بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائی جائے جس سے سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔دریں اثناء اسلام آباد جی بی ہائوس میں وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستا ن خالد خورشید کے زیر صدارت گلگت  بلتستان کی پاور پالیسی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان، صوبائی سیکریٹری قانون، قانونی ماہر بیرسٹر آفریدی اور چیف انجینئر واٹر اینڈ پاور نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت  بلتستان کیلئے پاور پالیسی پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ڈرافٹ پاور پالیسی کا خصوصی کمیٹی اور ماہرین بغور جائزہ لیں گے اور اپنی آراء اور سفارشات ایک ہفتے میں پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے حکومت گلگت  بلتستان کو مکمل قانونی اور ٹیکنیکل تعاون فراہم کرنے پر بھی یقینی دہانی کرائی گئی۔