گلگت (خصوصی رپورٹ) وزیر خزانہ انجینئر محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بہت سے مستحق غریب اور نادار مریضوں کے علاج کو مزید بہتر بنانے کیلئے آئندہ مالی سال اس فنڈ کو دوگنا کرکے ایک ارب کرنے کی تجویز ھے انہوں نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے لئے بجٹ میں 40 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالی سال 2024-25کے بجٹ کو انسانی ترقی کا ایجنڈا کہا جا سکتا ہے۔جس میں تمام طبقات زندگی کو آگے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔اس میں بچوں، نوجوانوں، کمزور طبقات اور خواتین کو با اختیار اور معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے کیلئے خصوصی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ اگلے مالی سال میں ساڑھے پانچ ارب کی خطیر رقم خرچ کر کے 450 منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔تمام ضلعوں اور حلقوں میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے تمام ممبر ان گلگت بلتستان اسمبلی بشمول خواتین اور ٹیکنو کریٹس کےلئے رقم مختص کی گئی ہے۔ اس بجٹ میں پہلی دفعہ افرادی قوت کی ٹریننگ کیلئے وسائل مختص کئے گئے ہیں۔ میڈیا کیلئے انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ بارایسوسی ایشنز کیلئے بھی خاطر خواہ وسائل مختص کئے ہیں۔
