سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی مایوس کن، عبیداللہ بیگ

گلگت(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبر کرنل( ر) عبید اللہ بیگ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے پرائیویٹ ادارے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ نویں جماعت کے نتائج نے سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی آشکار کردی ہے۔ چیف سیکرٹری کا سزا اور جزا کے نظام کا اعلان قابل تحسین ہے۔ معاون فاونڈیشن کے زیر اہتمام اساتذہ کے لئے تربیتی سیشن کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں گلگت' چیلاس داریل اور استور کے اساتذہ نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ پیغمبرانہ پیشہ ہے دنیا کھلی ہے جو سیکھا اس پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں معاون فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں خصوصا داریل تانگیر میں خواتین کی تعلیم کے لئے اس ادارے نے جس طرح کام کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ علاقے میں تعلیمی سفر کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا. کرنل ریٹائرڈ عبید اللہ بیگ نے سرکاری تعلیمی اداروں کے نویں جماعت کے نتائج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام تر مراعات اور سہولیات کے باوجود تعلیمی اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ یہ ادارہ بدمست ہاتھی بننے کی بجائے طلباوطالبات کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو باہر نکالنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔تاکہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے قابل اور ٹیلنٹ سے بھرپور نئی نسل کے ہاتھوں میں منتقل ہو سکے۔ اس موقع پر معاون فاونڈیشن گلگت بلتستان کے ریجنل منیجر آپریشن کرنل ریٹائرڈ امجد ولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں معاون فاونڈیشن کے زیر اہتمام فری لانسنگ کے کورسز کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ بچے انٹرنیٹ کے ذریعے سے کمائی کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فروٹ پراسیسنگ اور سلائی کڑھائی کے کورسز کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ہنر سیکھ کر گھر کی دہلیز پر رزق حلال کما سکیں۔