آئندہ حکومت ہماری، بڑے سرپرائز دیں گے، پیپلز پارٹی

گلگت(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی نے 57 ویں یوم تاسیس  کے موقع پر شاہی پولو گرائونڈ میں پاور شوکا انعقاد کیا ،اس موقع پر اہم شخصیات نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا،جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممبر گلگت بلتستان اسمبلی و صدر پاکستان پیپلز پارٹی امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہم گلبر حکومت کو گرانا نہیں چاہتے ہم چاہتے ہیں کہ گلبر حکومت اپنی مدت پوری کرے ہم کسی قسم کا ایڈونچر نہیں چاہتے ہیں لیکن ہم بتانا چاہتے ہیں کہ آنے  والی  حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہے ہمیں پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکروں پر فخر ہے ہم ناز کرتے ہیں اپنے ورکروں پر ہماری حکومت جب ہوگی تو اختیار وزیر کے پاس نہیں بلکہ ورکر کے پاس ہوگا ۔گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے قربانی دی ہے ،آج بھی گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت ہے لیکن جمہوریت کی خاطر ہم گلبر خان کی حمایت کررہے ہیں ،امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پی پی اور بھی خوشخبریاں دینے والی ہے دیامر بلتستان گانچھے سے بڑے سرپرائز  دینگے ہمارے دروازے کسی کے لئے بند نہیں ٹکٹ کا فیصلہ جب وقت آئے گا  توپارٹی قیادت کرے گی ۔انھوں نے کہاکہ کچھ دن قبل ایک صوبائی حکومت نے جتھے کے ہمراہ سرکاری ملازمین اور  سرکاری مشینری کو لے کر اسلام آباد پر یلغار کی   اس وقت جب وہ اسلام اباد پر یلغار کر رہے تھے کرم  کے اندر خون کی ہولی کھیلی جا رہی تھی   لوگ مر رہے تھے  یہ رات کے اندھیرے میں اسلام آباد سے تو بھاگ گئے  لیکن اب تک اسلام آباد میں لاشیں تلاش کر رہے ہیں،ہم انھیں بتاتے ہیں وہ کرم جائیں لاشیں وہاں ہیں ،امجد ایڈووکیٹ نے کہاکہ اسلام آباد سے واپس جانے کے بعد اب سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز پھیلا ئی جارہی ہیں ، تحریک انصاف ایک ایسی جماعت ہے جس کی بنیاد جھوٹ کے اوپر قائم ہے یہ مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے ذریعے  پاکستان کے اندر فتنہ فساد برپا کرنا چاہتے ہیں یہ ہم ہونے نہیں دیں گے ، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے سینئر نائب صدر و ممبر اسمبلی جمیل احمد نے کہا کہ ہم جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت حلقہ دو کے اندر محرومی پیدا کی گئی لیکن عدلیہ سے حلقہ دو کے عوام کو انصاف ملا اور ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام بھی جانتی ہے گلگت بلتستان کے لئے پی پی کے سوا کسی جماعت نے کچھ نہیںکیا ،پی پی کے ہر دور میں اصلاحات لائی گئیں ، ممبر سنٹر ایگزیکٹیو کمیٹی  محمد موسیٰ نے کہا کہ آئندہ  انتخابات میں پی پی پی بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی۔ پی پی پی کے رہنما ناصر میر نے کہا کہ ہم بھٹو خاندان اور پی پی پی کی عوام دوست پالیسی باالخصوص گلگت بلتستان کے لئے جو کام کیا ہے اس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ پی پی پی ضلع گلگت کے صدر زوار فدا حسین نے کہا کہ  پی پی پی نے عام آدمی کو زبان دی اور ان کو ہر سطح پر نمائندگی دی، پی پی پی ضلع گلگت کے جنرل سیکرٹری اشفاق افضل نے کہا کہ ہم امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں پی پی پی نے عوام اور ملک کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ، پی پی پی خواتین ونگ کی صدر کلثوم مہدی نے کہا کہ پی پی واحد جماعت ہے جو خواتین کو برابر کے حقوق دینے پر یقین رکھتی ہے، جلسے میں سابق چیف انجینئر وزیر تاجور سابق صوبائی وزیر حیدر خان کے سیاسی جانشین نسیم خان سوشل میڈیا ایکٹوسٹ محمد طاہر راجہ کریم نے پی پی میں شمولیت کااعلان کیا ۔