اسلام آبد (آئی این پی )وفاقی حکومت نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر آج 8 فروری(ہفتہ ) کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ ان کی نماز جنازہ آج ہفتے کو پرتگال میں ہو گی جبکہ تدفین اتوار کو مصر کے شہر اسوان میں کی جائے گی۔دریں اثناوفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لزبن روانہ ہو گئے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب لزبن میں پرنس کریم آغاز خان کی آخری رسومات میں شرکت کر کے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب لزبن گئے ہیں، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب پرنس کریم آغا خان کے لیے دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ پرنس کریم آغا خان 13 دسمبر 1936 کو جنیوا میں پیدا ہوئے تھے،انہیں پاکستان کیلئے مثالی خدمات پرنشان پاکستان اور نشان امتیازسے نوازا گیا تھا۔پرنس کریم آغا خان اسماعیلی برادری کے 49 ویں امام تھے، وہ 11 جولائی1957 کو 20 سال کی عمر میں اسماعیلی برادری کے امام بنے، ان کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی برادری کو 50 واں امام مقرر کیا گیا ہے۔ 4 فروری کو آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے مطابق اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا کریم الحسینی (پرنس کریم آغا خان چہارم) 88 سال کی عمر میں لزبن میں انتقال کر گئے تھے۔
