طے ہوچکا الیکشن میں وفاق کی مداخلت ہوگی نہ وفاقی وزراء مہم چلائیں گے، انجینئر اسماعیل

اسلام آباد(چیف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و وزیر خزانہ انجینئر اسماعیل نے کہا ہے کہ طے ہوگیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے آئندہ الیکشن میں وفاقی کسی قسم کی مداخلت کرے گی اور نہ ہی کوئی وفاقی وزیر الیکشن مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان میں آئے گا۔ کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی اس لئے اس جماعت کی قیادت کو صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے  دونوں لیگی دھڑوں سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں اس لئے امکان ہے کہ یہ دھڑے حکومت سازی کیلئے ہمارے ساتھ مل جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اہم شخصیات کی شمولیت کے بعد ہماری جماعت مذید مضبوط ہوگئی ہے الیکشن میں چودہ نشستیں یقینی طور پر ملیں گی الیکشن میں ہمارا ٹھوس بیانیہ ہوگا حق ملکیت کا بل اسمبلی کے آئندہ الیکشن میں پاس کیا جائے گا حق حاکمیت کا بل بھی جلد لے آئیں گے روزگار کی فراہمی کا ایجنڈا بھی ہمارے منشور میں شامل ہوگا ہم علاقے کے جوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت معاہدے کے بغیر عوامی طاقت سے ہم بنائیں گے ہمارے پاس عوامی طاقت موجود ہے انہوں نے کہاکہ کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی لوگوں کے دلوں میں موجود ہے مگر الیکشن میں اس جماعت کا کوئی رول نہیں ہوگا عمران خان جیل سے باہر آجائیں تو سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوسکتا ہے اس سے پہلے تو اس جماعت کا کوئی مستقبل نظر نہیں آتا بانی پی ٹی آئی کے جیل سے باہر آنے کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آتا اس لئے لوگ ہماری جماعت کو ہی ووٹ دیں گے۔