محکمہ تعلیم میں بلتستان کیلئے 900اسامیاں ملیں گی، راجہ اعظم

گلاپ پور شگر میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب ہوئی، صوبائی وزیرتعلیم گلگت بلتستان راجہ محمد اعظم خان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان سید نبی شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن شگر اکبر حسین نحوی ، سکول انتظامیہ ، علاقہ عمائدین طالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم راجہ محمد اعظم خان نے کہا کہ  محکمہ تعلیم گلگت بلتستان میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور تعلیمی سہولیات گھر کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے شبانہ روز کوشاں ہے اس سلسلے میں وفاقی وزارت تعلیم کے تعاون سے گلگت بلتستان کے طلبا کیلئے ابتدائی طور پر 1200 ہنرمند سکالر شپس دیئے جارہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے تمام پی سی فورز کی منظوری کیلئے وفاقی حکومت سے اصولی معاملات طے پاچکے ہیں جس سے بلتستان ریجن کیلئے 900 سے زائد آسامیاں ملینگی جوکہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ وزیر تعلیم نے اس موقع پر گرلز ہائی سکول گلاب پور شگر کو آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ہائیر سکینڈری سکول بنانے کا بھی اعلان کیا انہوں نے گلاب پور و برالدو شگر کو تحصیل ،  اور تیسر کو سب ڈویڑن بنانے کا بھی اعلان کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے طالبات کو نصابی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ والدین سے اپیل کی کہ وہ بہتر تعلیم و تربیت کیلئے اپنے بچوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں اور اساتذہ سے مشاورت کو یقینی بنائیں تاکہ قوم کے بچے حقیقی معنوں میں حصول علم کے خواب کو شرمندہ  تعبیر کرسکیں