خصوصی افراد کا وظیفہ بڑھاکر پانچ ہزار کیاجائے گا،وزیراعلیٰ

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے خصوصی افراد میں ویل چیئرز کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کمزور اور مستحق طبقے کی مدد کرے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ملک کے وزیر اعظم عمران خان ہیں جن کے دل میں معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقے کا درد ہے۔ انہوں نے ہمیشہ معاشرے کے کمزور طبقے کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نے مستحق اور کمزور طبقے کی مدد کرنے کے عزم سے احساس پروگرام کا آغاز کیا۔ احساس پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کا ڈیٹا تیار کیا جارہا ہے۔ صوبائی حکومت احساس پروگرام کے تحت تیار ڈیٹا کومدنظر رکھتے ہوئے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی خصوصی افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی تربیت کا بندوبست کیا جائے گا اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان میں تمام شعبوں میں بہتر پالیسیز کیلئے سونی جواری کے نام سے پالیسی بنانے کا ادارہ قائم کیا ہے جس کو سوشل پروٹیکشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق مستحق اور کمزور طبقے کی بہتری کو یقینی بنائیں گے۔ سوشل رجسٹری کا قیام عمل میں لارہے ہیں جس کے تحت گلگت بلتستان کی آبادی کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔ اس ڈیٹا کومدنظر رکھتے ہوئے بہتری کیلئے نئے پالیسیز بنائیں گے۔ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں سٹنٹنگ کا مسئلہ سنجیدہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کا کوٹہ ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ ماضی میں سوشل ویلفیئر کا محکمہ کونظر انداز کیا گیا۔ ہماری حکومت نے اس اہم محکمے پر توجہ دی ہے جس کے تحت فلاح و بہبود کے اقدامات کئے جاسکے۔ گلگت بلتستان میں خصوصی افراد کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جارہاہے جس کے بعد خصوصی افراد کو ملنے والا دو ہزار کے وظیفے میں اضافہ کرکے پانچ ہزار کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی خصوصی افراد کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر فلاحی ادارے کو خراج تحسین پیش کیا۔