عاطف اسلم اور آئمہ بیگ پی ایس ایل 2022 کا ترانہ گائیں گے

گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ آفیشل ترانہ آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گااور ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر بجایا جاتا رہے گا۔ یہ ترانہ پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقینِ کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش کووڈ 19 کی اس غیرمعمولی صورتحال کے دوران شائقینِ کرکٹ کیلئے تفریح کا باعث بنے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ عاطف اسلم پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے جبکہ آئمہ بیگ نے گزشتہ ایڈیشن کا آفیشل ترانہ گروو میرا بھی گنگنایا تھا۔ نغمے کے پروڈیوسر عبداللہ صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا ترانہ تیار کرنا کسی بھی موسیقار کے لیے ایک خواب کی مانند ہوتا ہے، یہ اعزاز دینے پر پی سی بی کے مشکور ہیں'  عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کے ساتھ کام کرنے پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا  یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو یہ ترانہ بہت پسند آئے گا۔ خیال رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ کچھ ایڈیشنز کے ترانوں پر مداحوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا تھا جبکہ ابتدائی ایڈیشنز کے ترانوں کو جو مقبولیت ملی وہ اب تک کسی اور ترانے کو حاصل نہیں ہوسکی ہے۔