Image

برقیات کےلئے 2 ارب روپے ناکافی ہیں، مشتاق حسین

وزیر پانی وبجلی مشتاق حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بجلی کا بحران ہے، اس بحران کو حل کرنے کےلئے ہم نے برقیات کےلئے تین ارب روپے مانگے تھے مگر بجٹ میں ہمیں دو ارب روپے ملے ہیں جو ناکافی ہیں۔ انہوں نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں 452 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ پیداوار صرف 132 میگاواٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی الیکشن کےلئے وقت ہے مگر ہم ابھی سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے ہیں کہ فلاں پارٹی نے یہ کیا، فلاں پارٹی نے وہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی پی نے گلگت بلتستان کےلئے ایک سسٹم دیا، اس کی تعریف ہونی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان نے گلگت سکردو روڈ کا منصوبہ شروع کیا۔ تحریک انصاف نے اسے مکمل کیا، اس کی بھی تعریف ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان میں بجلی کے بلوں کی مد میں ایک ارب روپے کی ریکوری کا ٹارگٹ دیا تھا۔ ابھی تک 86 کروڑ روپے جمع ہوچکے ہیں۔