Image

گلگت بلتستان ہمارا گھر، ترقی کےلئے کام کرتے رہیں گے، عطا اللہ شہاب

جمعیت علمائے اسلام گلگت بلتستان کے امیر مولانا عطاءاللہ شہاب نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے موجودہ سیاسی و معروضی حالات کے حوالے سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو ہوئی ہے اور جو اہم باتیں تھیں اس کے حوالے سے آگاہ بھی کیا گیا ہے۔ کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات میں ججز کی تقرریوں کو خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ اس سے گلگت بلتستان میں انصاف کی فراہمی میں تیزی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات ہوگی اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی ملاقات ہوگی گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم مزید بہترین کام کرسکے جو ہماری طرف سے اہم سفارشات تھیں وہ مشیر امور کشمیر گلگت بلتستان قمرالزمان کائرہ تک بھی پہنچائی ہیں اور گورنر گلگت بلتستان سے جمعرات کے روز ملاقات کرکے بھی پہنچائی ہیں۔ 4 اکتوبر کو جمیعت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما گلگت کا دورہ کرینگے اور اس دوران اہم پیش رفت ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب اس وقت ہم دیکھ کر انتظار نہیں کرسکتے ہیں گلگت بلتستان ہمارا گھر ہے اس گھر کی آبادکاری اور ترقی کے لئے ہم نے کام کرنا ہے اور یہ کام ہم حکومت میں رہیں یا نہ رہیں ہم نے کرنا ہے اور یہ ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے جس کو ہم احسن طریقے سے انجام دینگے۔