49

سابق سپیکر وزیر بیگ ، سابق ڈپٹی سپیکر جمیل احمد اور سابق سکریٹری اسمبلی عبداللہ خان کوایف آئی اے نے طلب کرلیا

گلگت ( منظر شگری سے ) سابق سپیکر وزیر بیگ ، سابق ڈپٹی سپیکر جمیل احمد اور سابق سکریٹری اسمبلی عبداللہ خان کو اختیارات سے تجاوز کرنے اور پابندی کے باوجود ملازمتوں پر بھرتیاں کرنے کے الزام میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ ( ایف آئی اے ) نے طلب کر کے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز گلگت میں قائم وفاقی تحقیقاتی ادارے میں پیپلز پارٹی کے دور کے سابق سپیکر وزیر بیگ ، سابق ڈپٹی سپیکر جمیل احمد اور سابق سکریٹری اسمبلی حاضر ہوئے۔ جنہیں ایف آئی اے نے دو اہم کیسیز میں طلب کیا تھا۔ زرائع کے مطابق تینوں خود ایف آئی اے میں حاضر ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق سکریٹری اسمبلی کو اس وقت کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے گریڈ 20 میں ترقی دینے کیلئے غلط طریقہ اختیار کیا اور گریڈ 20 میں ترقی کیلئے بننے والی محکمانہ ترقی کی کمیٹی میں گریڈ 18 کے ایک آفیسر کو بھی ممبر بنایا جو کہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ ان پر مبینہ طور پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق سکریٹری کو ترقی دیکر قومی خزانے سے اضافی مالی مراعات دلوائیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے میں جاری تحقیقات میں تینوں پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے سرکاری ملازمتوں پر پاپندی کے باوجود متعدد ملازمین کو گلگت بلتستان اسمبلی میں بھرتی کیا جو کہ سرکاری احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ ایف آئی اے نے بڑے پیمانے پر تحقیقات کیلئے اسمبلی کے علاوہ نیب سے اس اہم معاملے پر ریکارڈ لینے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔ جبکہ پیر کے روز حاضر ہونے والے تینوں بڑوں سے بھی متعلقہ انکوائری سے متعلق ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ـ