57

سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت ہوئی جس کاویڈیو ثبوت پاکستان کے عوام نے دیکھ لیا،وزیر اعلیٰ

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے جگلوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق اور سچ کے راستے میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ملک کو عمرا ن خان کی قیادت ملی ہے جو مخلص اور ایماندار ہے۔ان کی کی ایمانداری کے سیاسی مخالفین بھی معترف ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت ہوئی جس کاویڈیو ثبوت پاکستان کے عوام نے دیکھ لیا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اسمبلی سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے سیاسی مخالفین کو یہ پیغام دیا ہے کہ قومی اسمبلی کی اکثریت آج بھی ان کے کیساتھ ہے۔ اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے بلائے جانے والے قومی اسمبلی اجلاس سے سیاسی مخالفین نے راہ فرار اختیار کرکے اپنی ناکام اور پسپائی کا ثبوت دیا ہے۔عدم اعتماد کی تحریک لانے کی باتیں کرنے والوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان بنانا آسان کام نہیں تھا لیکن قائد اعظم محمد علی جناح جیسے مخلص اور عظیم لیڈر کی قیادت میں پاکستان قائم ہوا۔ اگر لیڈر مخلص اور ایماندار ہو تو منزل کا حصول ناممکن نہیں ہوتا۔ قوم ایماندار اور مخلص لیڈر کے ساتھ نکلتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ نئے پاکستان کی طرح نیا گلگت  بلتستان بنائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران کے ویژن اور ہدایات کے مطابق گلگت  بلتستان میں کرپشن سے پاک حکومت، گڈ گورننس اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔صحت اور تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناناشامل ہے۔ ماضی میں ان دونوں اہم شعبوں کو نظرانداز کیا گیا ۔ ہسپتالوں اور سکولوں میں سٹاف کی کمی دور کی جائے گی۔ غیر فعال تحصیلوں کو مکمل فعال بنایا جائے گا۔ جگلو ٹ کو مثالی سب ڈویژن بنائیں گے۔ گلگت  بلتستان کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوںپر حل کریں گے۔ ترقیاتی فنڈز کا صحیح استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کو واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ پہلے مرحلے میں جگلوٹ میں 50 بیڈ ہسپتال قائم کیا جائے گا مستقبل میں اسے وسعت دے کر 100 بیڈ ہسپتال بنایا جائے گا۔جگلوٹ پبلک سکول کو ہائیر سیکنڈری سکول بنائیں گے۔ جگلوٹ گریٹر واٹر سپلائی سکیم پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ جگلوٹ میں روڈ انفراسٹرکچر کوبہتر بنائیں گے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت پرعزم ہے۔ سب ڈویژن جگلوٹ کو سیاحتی مقام بنایا جائے گا۔گاثوپہوٹ تک روڈ تعمیر کیاجائے گا۔ سب ڈویژن جگلوٹ کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا جس کے تحت جدید انفراسٹرکچر یقینی بنائیں گے۔ صوبے میں بجلی کی ترسیل اور بلنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سب ڈویژن جگلوٹ میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے سمارٹ میٹرز اور اے بی سی کیبل کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ ترقی یافتہ گلگت  بلتستان اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے جگلوٹ 20بیڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جگلوٹ 20 بیڈ ہسپتال کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ ہسپتال میں متعین سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ پی سی فور کے تحت نئے آسامیوں میں ڈاکٹرز، جنرل نرسز اور ٹیکنیکل سٹاف کے آسامیوں کی تخلیق کو ترجیح دی جائے۔ جگلوٹ میں ٹراما سنٹر کی تعمیر کیلئے فزیبلٹی تیار کی جائے۔ جگلوٹ 20بیڈ ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات یقینی بنائی جائے۔ جون تک جگلوٹ20 بیڈ ہسپتال کو مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر کہا کہ جگلوٹ 20بیڈ ہسپتال کیلئے نئی ایمبولنس فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے جگلوٹ پبلک سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری تعلیم سبطین احمد نے جگلوٹ پبلک سکول کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جون تک جگلوٹ پبلک سکول فیز IIکے تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے۔ جگلوٹ پبلک سکول کیلئے لیبارٹری، آڈیٹوریم، واٹر سپلائی اور اساتذہ کی رہائش کیلئے منصوبہ تیار کیا جائے۔جگلوٹ پبلک سکول کے طالب علموں کیلئے سکول بس فراہم کی جائے گی تاکہ بچوں کے سکول آنے جانے کے مسئلے کوحل کیا جاسکے۔